حکومت کا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کی ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے الگ کرنے کے فیصلہ کی تصدیق کردی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا حکومت علما، تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لے لی جائے،حکومت علماء اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہے اور اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 7, 2018
ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے، وزیراعظم اوران کی کابینہ کے ارکان عاشقان رسولﷺہیں، ختم نبوتﷺہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے کامیابی حاصل کی۔
عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے، اور وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 7, 2018
دوسری جانب سینیٹرفیصل جاوید نے بھی معاملے پر پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عاطف میاں مستعفی ہونے پر رضا مند ہوگئے ہیں ،ان کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یاد رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے 11 افراد پر مشتمل اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دے تھی، جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین اقتصادیات اور ترقی کے ماہرین کو شامل کیا گیا تھا۔