تازہ ترین

’اللہ کرے ایسا افسوسناک دن پوری دنیا میں کبھی کوئی نہ دیکھے‘

کراچی: سانحہ آرمی پبلک اسکول کے واقعے کو گزرے تین برس بیت گئے، اس دن کے موقع پر معروف شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اپنے الفاظ میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور کے دلخراش سانحے کو گزرے تین سال کا عرصہ بیت گیا، قوم کے دل و دماغ میں یہ واقعہ گہرے نقوش چھوڑگیا مگر دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پوری ملت آج بھی پرعزم اور اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بچے کے یونیفارم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم اس دن کو کیسے بھول سکتے ہیں ؟ اس روز عفریت پھیلائی گئی اور ہمارے بچوں کو ظالموں نے بغیر سوچے سمجھے قتل کیا، اللہ کرے ایسا افسوسناک دن پوری دنیا میں کبھی نہ آئے‘۔

تعلیم کے لیے کوشاں پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسفزئی نے اے پی ایس سانحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تین سال پہلے پیش آنے والے واقعے کو یاد کرتی ہوں جس میں 132 طالب علموں کو شہید کیا گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کسی بچے کو خوف، تشدد اور انتہاء پسندی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے، ہربچے کو محفوظ طریقے سے تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے‘۔

پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا کہ ’میری دعا ہے دنیا کا کوئی بھی بچہ اور والدین دوبارہ اس طرح کے سانحے سے نہ گزریں‘۔

مزید پڑھیں: سانحہ پشاور کی تیسری برسی، قوم سوگوار، مگر پرعزم

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کی صبح مسلح دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول میں داخل ہو کر نہتے معصوم بچوں اور اساتذہ سمیت 142 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ اس بزدلانہ حملے میں متعدد طلبا زخمی ہوئے۔ واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، دہشت گردی کی سرکوبی کے لیے ردالفساد کا آغاز ہوا، جس میں قوم پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہوئی۔

اس واقعے کے بعد فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں آیا اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے آہنی عزم کے ساتھ فوجی آپریشن کیا گیا۔

اس دل خراش واقعے پر عالمی سطح سے بھی شدید ردعمل آیا اور پوری دنیا اس نے حملے کی شدید مذمت کی۔

 

Comments