جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

فرحان اختر اور شبانی کی شادی، حتمی تاریخ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار فرحان اختر اور ان کی گرل فرینڈ ماڈل شبانی ڈنڈیکر دو روز بعد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

یہ دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ فرحان اختر کے قریبی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اداکار اور شبانی ڈنڈیکر کی شادی 19 فروری کو ہونا طے پائی ہے۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات کو مختصر رکھا جائے گا جن میں دونوں کے قریبی رشتہ دار اور خاص دوست شرکت کریں گے جب کہ بالی وڈ کی نامور شخصیات بھی شادی میں نظر آئیں گی۔

شادی کی ابتدائی تقریب اسلامی روایات کے مطابق ممبئی کے علاقے کھنڈالا میں موجود اداکار کے فارم ہاؤس میں ہوں گی۔ رشتہ دار اور دوست 18 فروری سے ممبئی پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

فرحان اختر مشہور بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے بیٹے ہیں۔ رواں ماہ 4 فروری کو جاوید اختر نے بیٹے کی شادی کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے شادی سادگی سے ہوگی، شادی کی تیاریاں جاری ہیں تاہم دعوت نامے تقسیم نہیں کیے گئے۔

فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر مبینہ طور پر 2018 سے تعلقات میں ہیں۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ شبانی ان کے خاندان میں اچھی طرح سے گھل مل گئی ہیں اور سبھی انہیں پسند کرتے ہیں، فرحان اور شبانی کے تعلقات بھی بہت اچھے ہیں۔

فرحان اور شبانی ایک دوسرے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ فرحان اختر کی سال گرہ کے موقع پر شبانی نے ان کے لیے انسٹاگرام پر ایک نوٹ شیئر کر کے محبت کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ فرحان اختر کی پہلی شادی 2000 میں ہیئر اسٹائلسٹ ادھونا سے ہوئی تھی، جن سے ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں، ان کے درمیان 2017 میں علیحدگی ہوئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں