منگل, نومبر 12, 2024
اشتہار

مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی، فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ دھاندلی شدہ مردم شماری نامنظور کرتے ہیں، مردم شماری غلط ہے تو حلقہ بندیاں کیسے صحیح ہوسکتی ہیں، ایسا لگتا ہے مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں صحیح شمار کیا جائے گا تو اس شرط پر حلقہ بندیوں کے بل پر ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کو کم گنا جائے گا تو ہماری نمائندگی کو بھی کم کیا جائے گا، ترقیاتی فنڈ مزید کم ہوں گے، وسائل مزید کم کردئیے جائیں گے، گنتی کے بعد پانی اور بنیادی سہولتیں کم کردی جائیں گی۔

- Advertisement -

فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری، اختیارات کی پٹیشن سپریم کورٹ میں سننی چاہئے، یہ کراچی میں رہنے والی تمام اکائیوں کا مسئلہ ہے، دھاندلی شدہ مردم شماری نامنظور کرتے ہیں، کراچی کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ گنا گیا باقی ڈیڑھ کروڑ کو لاپتہ کردیا۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ 23 اگست کو تاریخ رقم کی تھی، ایم کیو ایم کو 1986ء کی ایم کیو ایم بنائیں گے، جو پہلے پتنگ سے محبت رکھتے تھے وہ آج ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔

پاناما کیس پر فاروق ستار نے کہا کہ پاناما کا اونٹ ایک کروٹ بیٹھ گیا ہے، پاناما میں دوسرے لوگ ہیں ان کی انکوائری بھی ہونی چاہئے، جو احتساب سے بچے رہے ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔

عوام کہہ رہے ہیں مردم شماری نہیں مانتے، وسیم اختر

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غلط اعداد و شمار سے آپ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، یہاں موجود عوام کہہ رہے ہیں کہ مردم شماری نتائج نہیں مانتے

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل اور بہتری کے لیے کوئی سیاسی جماعت آواز نہیں اٹھارہی، کسی کے جانے سے کوئی کمی نہیں آئے گی۔

کراچی والے ہر سیاسی جماعت کی آواز جانچنا شروع کریں، فیصل سبزواری

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی والے ہر سیاسی جماعت کی آواز جانچنا شروع کریں، ایم کیو ایم کسی جماعت کے خلاف نہیں کراچی کے لیے موجود ہے، ایم کیو ایم نے کسی کا محل یا گھر بنانے کے لیے فنڈز نہیں مانگے۔

انسانوں کے سمندر کی وکٹیں گر نہیں سکتیں، خواجہ اظہار الحسن

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایک سال سے سن رہے ہیں کہ ایک وکٹ گر گئی، انسانوں کے سمندر کی وکٹیں گر نہیں سکتیں، ہم مخالفین کو اپنا اسٹیج دیتے ہیں آؤ یہاں انسانوں کی وکٹیں گرا کر دکھاؤ۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں