ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی گل پلازہ سانحے پر جوڈیشل کمیشن بنائے ورنہ کراچی کو وفاق کے حوالے کردیں۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر سندھ حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں یہ جوڈیشل کمیشن بنانے میں جتنی تاخیر کریں گے اتنا دلدل میں پھنسیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ آپ کو چین سے سونے دے گا نہ جینے دے گا، نپولین کی طرح گل پلازہ تمہارا واٹر لو ثابت ہوگا، سانحہ گل پلازہ آپ کا گھمنڈ اور غرور سب خاک کردے گا، ہم کب سے ہوش میں لانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن تمہاری عقلوں پر پردہ پڑ چکا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ میں فرانزک لیب کی کوئی سہولت موجود نہیں، 8 ارب روپے خرچ ہوگئے لیکن نظر کچھ نہیں آرہا، جامعہ کراچی میں کرمنالوجی کے طلبا نے چھوٹا سا فرانزک لیب بنایا ہے انہیں دے دیں، جب فرانزک لیب کا پوچھو تو سوال گندم اور جواب چنا ہوتا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ لاہور میں حادثہ ہوتا ہے ٹی وی پر نظر آتا ہے کیسے ہیلمٹ پہن کر کام کررہے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی اسٹریٹجک پلان منظور کیا اس کا کیا ہوا؟ اسٹریٹیجک پلان 2018 میں منظور ہوا اس پر جواب دو، کراچی وفاق کو آہستہ آہستہ دیتا ہے تو دے دیں ایک ساتھ دینا ہے تو وہ بھی بتادیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں پرچیاں دے کر درخواست کی، بلاول بھٹو سے آخری مرتبہ کہہ رہا ہوں، ہم بھیک نہیں مانگ رہے سندھ کی عوام کے مسائل پر گفتگو چاہتے ہیں، نہیں ملنا چاہتے تو ہمارے وجود سے انکار ہے تو پھر ہم وفاق کے پاس جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


