کراچی : نجی اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر انجم رضوی کا کہنا ہے کہ حادثے میں فاروق ستار کو شدید نوعیت کی چوٹیں نہیں آئی تاہم ان کو آرام کی شدید ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر انجم رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ فاروق ستار کو حادثے میں شدید نوعیت کی چوٹیں نہیں آئی، ڈاکٹر فاروق ستار کے سی ٹی اسکین،الٹراساؤنڈ سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے، ابتک کے ٹیسٹ میں کوئی خطرناک چوٹ سامنےنہیں آئی۔
انجم رضوی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو تین سے چار دن تک اسپتال میں رکھا جائے گا، ڈاکٹر فاروق ستارکےحوصلے بلند ہیں اوروہ مکمل صحتیاب ہونے تک اسپتال میں قیام کریں گے۔
اس سے قبل ڈاکٹرفاروق ستار کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے موقع پر انجم رضوی نے بتایا تھا کہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹرز کی بارہ رکنی ٹیم ڈاکٹر فاروق ستار کے علاج معالجے کیلئے تشکیل دی گئی ہے۔
دوسری جانب فاروق ستار کی گاڑی کو حادثہ کی خبر سنتے ہی ایم کیو ایم پاکستان کی تمام قیادت اسپتال پہنچ گئیں، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ کمر اور کاندھے پر چوٹیں آئی ہیں۔
مزید پڑھیں : ڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ
یاد رہے کہ متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار حیدرآباد کا تنظیمی دورہ مکمل کرکے کراچی آرہے تھے کہ رات تقریباً بارہ بجے نوری آباد کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، ڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی نے چار سے پانچ قلابازیاں کھائیں، جس کے نتیجے میں بلٹ پروف گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
خطرناک حادثے میں ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ اور ان کے چار گارڈ شدید زخمی ہوگئے۔
Farooq Sattar’s car encounters accident by arynews