The news is by your side.

Advertisement

کراچی کی سیٹیں 2 جماعتوں کو دینے کی تیاری ہے: فاروق ستار

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے جھنڈے اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں۔ کراچی کی سیٹیں 2 جماعتوں کو دینے کی تیاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے کچھ روز پہلے ماحول کچھ اور ہی نظر آئے گا۔ الیکشن کا ماحول بنا تو کوئی تحریک انصاف کوئی پاک سرزمین پارٹی کی بات کر رہا تھا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم بہت کم پیسوں میں الیکشن لڑتے ہیں، کم پیسے خرچ کر کے کوئی الیکشن لڑتا ہے تو وہ ایم کیو ایم ہے۔ ’ایم کیو ایم کا کم خرچ بالا نشین والا معاملہ ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مختلف جماعتوں کے بینروں اور جھنڈوں سے سجایا جا رہا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم کیو ایم کے بینرز اور جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہو رہا ہے، ’یہاں انتخابی مہم پر پابندی کیوں ہے، کوشش کی جا رہی ہے کراچی میں ٹرن آؤٹ کم اور دھاندلی آسانی سے ہو‘۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میچ اس طرح فکس ہوگا تو چند سیٹیں ایک اور چند دوسری پارٹی کو ملیں گی، رہ جانے والی سیٹیں ایم کیو ایم کو دے دی جائیں تو قبول نہیں کریں گے۔

انہوں کے کہا کہ یہ موقع نہیں دینا چاہیئے ایم کیو ایم بائیکاٹ کے بارے میں سوچے، یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کروایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کی اکثریت نے بیرون ملک سیٹیں بک کروالی ہیں، شکست کا غم منانے کے لیے بیرون ملک جائیں گے، سزا کسی کو بھی ہو پیشیاں سب سے زیادہ ہم ہی بھگت رہے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں