کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ٹاپ ہنڈریڈ بچوں کے انٹرویو کیے جائیں، سندھ میں امتحانی چیکنگ کے نظام کا سائنسی آڈٹ کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں مبینہ پیپر لیک، بدترین نیپوٹزم، فیورٹزم اور کراچی کے طلبہ کے حقوق کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی بی اے سکھر اور سندھ حکومت کراچی کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ 2009 سے 2019 تک این ٹی ایس صرف 1500 روپے فیس میں شفاف انداز سے امتحانات منعقد کرتی تھی اور شکایات نہ ہونے کے برابر تھیں، تاہم اب آئی بی اے سکھر اور دیگر اداروں کے تحت ہونے والے امتحانات میں سنگین بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ میں پیپر لیک اور پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلوں کے الزامات تعلیمی نظام پر سوالیہ نشان ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے بتایا کہ ایک لاکھ 33 ہزار امیدواروں میں سے کراچی کے تقریبا 12 ہزار طلبہ کے لیے صرف دو امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں ہزاروں طلبہ کو شدید گرمی، طویل سفر اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سخت موسمی حالات اور انتظامی کمزوریوں کے باعث متعدد طلبہ کی طبیعت بھی خراب ہوئی۔
انہوں نے انٹر اور میٹرک کے نتائج پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کامیابی کا تناسب 50 فیصد سے کم جبکہ اندرون سندھ میں غیر معمولی طور پر زیادہ نتائج سامنے آرہے ہیں، جس سے میرٹ کے نظام پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔
فاروق ستار نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے طلبہ کے تحفظات کا ازالہ نہ کیا تو ایم کیو ایم متاثرہ طلبہ کے ساتھ مل کر سندھ ہائی کورٹ میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج کو چیلنج کرے گی اور قانونی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی کے خلاف ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔


