اسلام آباد / کراچی : ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس رنگ لے آئی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں منتخب نمائندوں کی حلف برداری کا نوٹی فیکشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن چیئرمین،وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے شیڈول کافوری اعلان کرے۔
میئراورڈپٹی میئر کےانتخاب کیلئے شیڈول میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ براہ راست تینوں مراحل کے انتخابات ہو چکے،مخصوص نشستوں کے انتخابات کا اعلان بھی تک نہیں ہوا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے الیکشن کمیشن اور اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان بھی کیا، ایم کیو ایم کے احتجاج کے دھمکی دینے کی دیر تھی کہ الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں نو منتخب نمائندوں کی حلف برداری کا نوٹی فیکشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلف برداری کے بعد مخصوص نشتوں پر الیکشن کا شیڈول جاری ہوگا ۔ سندھ اور پنجاب میں امیدواروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران حلف لیں گے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ججز بھی حلف برادری کے امورسر انجام دیں گے۔
دوسی جانب صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل نہ ہونے کو الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کورکاوٹ قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہناہے شیڈول میں تاخیر کی ذمے دار حکومت سندھ تھی۔