کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر ایم کیوایم کے کسی رکن نے مسلم لیگ ن کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کوئی نا اہل شخص پارٹی عہدہ کیسے رکھ سکتا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کےانتخابات بل میں خامی تھی جبکہ انتخابات بل غیر آئینی طور پر منظور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب بل اعتزازاحسن کی ترمیم کےساتھ پیش ہونا چاہیے تھا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندہ نا اہل ہوجاتا ہے تووہ عملی سیاست نہیں کرسکتا جبکہ نا اہل ہونے کے باعث وہ شخص پارٹی کاعہدہ کیسے رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتزازاحسن کی ترمیم صحیح تھی ہم نےاس کی حمایت کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 4 انٹرویوز میں کراچی پیکیج پر بات کی اور کہا کہ کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکچ کا تعلق ہمارے ووٹ دینے سے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ پاکستان کے کسی رکن نے بل کی حمایت کی ہےتوکارروائی کریں گے۔