جمعرات, جولائی 16, 2026
اشتہار

کراچی کا حال موہن جودڑو سے بدتر ہے ، فاروق ستار کی سندھ حکومت پر شدید تنقید

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا حال موہن جودڑو سے بدترہے ، ای چالان کےنام پر شہریوں سے دس دس ہزار روپے لے کر ذہنی اذیت دی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں ٹیکسوں کے نفاذ، ٹریفک جرمانوں اور شہر کی زبوں حالی پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ نئے حربوں سے کراچی والوں پر ٹیکس پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، لوگ پہلے ہی ٹیکس دے رہے ہیں، لیکن اب صبر کی بھی ایک حد ہے، شہر میں سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، گلیاں کھنڈرات بن چکی ہیں، لیکن حکومت صرف عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’جنگل کا بھی کوئی قانون ہوتا ہے، مگر کراچی میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں‘‘۔ شہر کا حال موہن جو دڑو سے بھی بدتر ہو چکا ہے، جب ٹریفک جام ہوتا ہے تو بائیکرز فٹ پاتھ سمیت دیگرمقامات سے اپناراستہ بناتے ہیں، کراچی کی ایک سڑک دکھادیں جہاں مارکنگ اورزیبراکراسنگ نظرآتی ہو۔

فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی اور ہر ناکامی کا ملبہ عوام پر ڈال دیتی ہے ، ریاست کو پہلے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، پھر عوام سے جواب مانگنا چاہیے۔“

ان کا کہنا تھا کہ شہر کی سڑکوں پر تجاوزات قائم ہیں، اس صورتحال میں ٹریفک قوانین کا نفاذ کیسے ممکن ہے؟ ہائی ویز پر کیمروں کی بدولت اسپیڈ کنٹرول ممکن ہوا، میں اس کا مخالف نہیں ہوں، مگر 10،10 ہزار روپے کے چالان سراسر ظلم ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے سوال اٹھایا کہ کیا لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد یا کشمور میں بھی ایسے قوانین نافذ ہیں؟ کراچی والوں سے پہلے ہی اربوں روپے ٹیکس کی مد میں لیے جا رہے ہیں، مگر نہ سیوریج کا نظام بہتر ہوا، نہ سڑکیں، نہ بجلی اور گیس کی فراہمی۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ موٹر وہیکل ٹیکس، اجرک نمبر پلیٹ کے بعد اب ای چالان کے نام پر شہریوں کو ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، میرا اعتراض بدنیتی پر ہے، یہ صاف نظر آرہا ہے کہ کراچی والوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔“

انہوں نے انکشاف کیا کہ چوری شدہ موٹرسائیکلوں پر بھی ای چالان بھیجے جا رہے ہیں۔ “چار سال پہلے موٹر سائیکل چوری ہوئی، اب چالان بھیج رہے ہیں، یہ ان کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔”

فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ حکومت بتائے کتنے سہولت مراکز کام کر رہے ہیں؟ یہ سب اقدامات صرف لوگوں کو لوٹنے کے حربے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جن لوگوں کے 10،10 ہزار روپے کے چالان ہوئے ہیں وہ جلد شارعِ فیصل پر اکٹھے ہوں گے ، پوری دنیا میں 500 روپے تک کے جرمانے ہوتے ہیں، مگر یہاں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

رہنما ایم کیوا ایم کا کہنا تھا کہ ”پانی نہیں آتا، گیس نہیں ملتی، بجلی غائب ہے اور جواب دینے والا کوئی نہیں، ایم کیو ایم پاکستان عوام کے مستقبل اور شہریوں کے حقوق کی بات کر رہی ہے۔

فاروق ستار نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایم پی ایز ستو پی کر اسمبلی میں جاتے ہیں اور سو جاتے ہیں، آزاد کشمیر میں 10 ہزار لوگ سڑکوں پر بیٹھے تھے، سب وفاقی وزیر ان کے سامنے جا کر بیٹھ گئے لیکن یہاں عوام کے مسائل پر کوئی آواز نہیں اٹھائی جاتی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر وڈیروں اور جاگیرداروں کو ان کی من مانی سے نہ روکا گیا تو کراچی والوں کا لاوا پھٹ جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں