فیصل آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان بحران کا شکار ہے، اگر آج بحران ہے تو نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو ایم کیو ایم کے نظریے سے دور نہیں رکھنا چاہئے، ایم کیو ایم پاکستان عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ فلم بنی پنجاب نہیں جاؤں گی، میں نے کہا پنجاب ضرور جاؤں گا، مشکل وقت میں پنجاب کے ساتھی حوصلہ بڑھائیں گے، کوئی پنجاب آئے نہ آئے لیکن میں پنجاب آیا ہوں، میں یہاں آیا تو وفاداریاں تبدیل کرانے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ میں ایم کیو ایم کی نمائندگی کو سازش کے تحت کم کیا گیا‘ فاروق ستار
واضح رہے کہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے میں ایک ماہ رہ گیا ہے، 2018 کے انتخابات میں پنجاب سے بھرپور حصہ لیں گے، جلد ایسا فارمولا طے کرلیں گے جس سے آپس میں اتحاد قائم رکھ سکیں، میری کوشش ہے کہ پارٹی میں مزید دھڑے بندی نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کے لیے ایم کیو ایم کا ووٹ بینک اہمیت رکھتا ہے اور ہم عوامی سیاست کے حامی ہیں اسی لیے انتخابی اتحاد کے لیے متعدد جماعتوں نے رابطہ کیا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مردم شماری کا مسئلہ بہت اہم ہے، سینیٹ میں ایم کیو ایم کی نمائندگی کو ایک سازش کے تحت کم کیا گیا، ہمیں عدالتی فیصلے کا انتظار ہے جو 11 اپریل کو آنا ہے۔