تازہ ترین

‘عمران خان کیخلاف ریفرنس رجیم چینج سازش پارٹ 2 کا آغاز ہے’

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف ریفرنس رجیم چینج سازش پارٹ 2 کا آغاز ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف ریفرنس رجیم چینج سازش پارٹ 2 کا آغاز ہے۔ یہ لوگ عمران خان سے خوفزدہ ہیں، جتنے بھی ریفرنس دائر کیے گئے وہ سب بد نیتی پر مبنی ہیں۔ الیکشن کمیشن اور پی ڈی ایم نے مل کر سازش ٹو تیار کی ہے لیکن اس سازش کا ہر قانونی محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کو پہلے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا اور اب عوامی مقبولیت دیکھ کر انتخابی عمل سے باہر کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ڈبا ریفرنس ہے، انہوں نے توشہ خانہ قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ نواز شریف مرسڈیز گاڑی گھر لے گئے تھے۔ عمران خان کو بھی ملائشیا سے گاڑی ملی تھی لیکن وہ آج بھی توشہ خانہ میں ہے، انہوں نے پیسے دے کر بھی گاڑی نہیں لی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ایک اور سابق وزیراعظم یوسف گیلانی نے آصف زرداری کو توشہ خانہ سے 2 مرسڈیز دی تھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کوئی کیس نہیں ہے، اوورسیز پاکستانی خود سامنے آگئے ہیں، یہ الیکشن کمیشن کیلئے باعث شرم ہے کہ وہ اوورسیز کو غیر ملکی کہتا ہے۔ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم سے ملا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کیلیے بھیجا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو مل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی نااہلی کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول

اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس کی فوری سماعت کی استدعا کی ہے۔

Comments

- Advertisement -