کراچی: اے آر وائی نیوز کی نشاندہی پر دورہ بنگلہ دیش کیلئے انڈر نائنٹین میں شامل ہونے والے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عاصم نے زندگی میں کیا نشیب وفراز دیکھے،جانئے ان کی زبانی
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عاصم جٹ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرے میں خصوصی گفتگو کی اور بتایا کہ کس طرح وہ قومی ٹیم کی انڈر نائنٹین ٹیم میں شامل ہوئے۔
چھ فٹ نو انچ کی قدامت والے فاسٹ بولر عاصم جٹ نے بتایا کہ میرا تعلق سندھ کے ضلع میر پور خاص سے ہے، میں جس ضلع سے تعلق رکھتا ہوں آج تک اس ضلع سے کوئی بھی لڑکا انڈر نائنٹین ٹیم تک نہ پہنچ سکا، مگر خدا نے مجھ پر کرم کیا اور میں دورہ بنگلہ دیش کے لئے انڈر نائنٹین میں شامل ہوا۔
فاسٹ بولر عاصم جٹ نے بتایا کہ گلی محلے میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، میرے قد اور بولنگ اسٹائل کو دیکھ کر ذیشان اللہ تالپور نے مجھے میرپورخاص ڈسٹرکٹ ٹرائل دینے کا مشورہ دیا،خدا کا شکر ہے کہ میں ڈسٹرکٹ ٹرائل میں کامیاب ہوکر ٹیم کا حصہ بنا، بعد ازاں مجھے حیدرآباد ریجن میں ٹرائل دینے کا موقع ملا تو مجھے یہاں بھی کامیابی ملی۔
عاصم جٹ نے باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد ریجن کی انڈر نائنٹین کلب میں عمدہ کارکردگی کے سبب مجھے سندھ انڈر نائنٹین میں شامل کرلیا گیا، اور اب میں خدا کی مہربانی اور اپنی محنت کے بعد دورہ بنگلہ دیش کے لئے قومی انڈر نائنٹین میں شامل ہوا ہوں۔
اپنے لمبے قد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عاصم جٹ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے لمبے قد کے ہونے سے کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہے۔
ایک سو چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرانے والے عاصم جٹ دورہ بنگلہ دیش میں شامل ہونے پر بے حد خوش ہیں اور عمدہ کارکردگی کے زریعے قومی ٹیم میں شامل ہونا ان کا خوا ب ہے۔
واضح رہے کہ اےآر وائی نیوز کی نشاندہی پر عاصم انڈر19ٹیم کاحصہ بنے ہیں، اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوصی برائے اسپورٹس شعیب جٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ کے زریعے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کی توجہ عاصم جٹ کی جانب مبذول کرائی تھی۔