اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کے مکمل غیرحتمی نتائج جاری کردیئے، قبائلی اضلاع میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا، سیاسی جماعتوں میں تحریک انصاف سر فہرست رہی۔
الیکشن کمیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے7 قبائلی اضلاع کی16 صوبائی نشستوں پر گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے چھ، تحریک انصاف نے پانچ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔
گزشتہ روز ہونے والے قبائلی اضلاع کےتمام 16حلقوں میں ووٹنگ کا نتیجہ آگیا، الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کے مکمل غیرحتمی نتائج جاری کردیئے۔
رپورٹ کے مطابق قبائلی اضلاع میں آزاد امیدواروں نےمیدان مار لیاچھ نشستوں پرآزاد جبکہ پانچ پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
اس کے علاوہ جے یو آئی ف3،اےاین پی اور جماعت اسلامی کے امیدواران ایک، ایک نشست پر کامیاب رہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور قومی وطن پارٹی کوئی نشست حاصل نہ کرسکیں۔
یاد رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے پہلی بار الیکشن کا انعقاد کیا گیا، صوبائی اسمبلی کے16حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا جو شام5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
پی کے113جنوبی وزیرستان کا غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق جے یو آئی کے مولانا اعصام الدین10369ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ آزاد امیدوار وحیداللہ 9679ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔