جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

عید کے روز گوشت مانگنے کے بہانے 1 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرنے والے باپ بیٹے گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: عید کے روز گوشت مانگنے والوں کا روپ دھار کر 1 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں عید الاضحیٰ کے روز ہونے والی 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ہائی پروفائل چوری کی واردات کو پولیس نے ٹریس کر لیا۔

ڈیفنس سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث دو سگے باپ بیٹے کو ٹبہ گوہاوا اور بھٹہ چوک سے گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کی شناخت جوزف مسیح عرف ساگر اور اس کے بیٹے جمشید ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ باپ بیٹے نے مل کر اس واردات کا پلان تیار کیا تھا، ملزمان عید کے روز ڈیفنس کے بنگلوں میں "گوشت مانگنے والوں” کا روپ دھار کر گھروں کی ریکی کرتے رہے۔

ملزمان بنگلوں کی بیل بجا کر یہ جائزہ لیتے تھے کہ رہائشی گھر پر موجود ہیں یا نہیں۔ جس گھر سے کوئی جواب نہیں ملتا تھا، یہ سمجھ کر کہ فیملی عید ملنے باہر گئی ہے، ملزمان اسی گھر کو اپنا ہدف بنا لیتے تھے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق، گرفتار ہونے والا باپ (جوزف مسیح) معمولی چور نہیں بلکہ چوری، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور نقب زنی کی 45 مختلف وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے گھر سے چوری ہونے والے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی ہے، جس کی مالیت 1 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

گرفتار ملزمان کو مسروقہ سامان سمیت مزید سخت تفتیش اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کا پتہ لگانے کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں