انقرہ: ترکی کے رہائشی اوذن نے بیٹی کی بغیر اجازت شادی کرنے پر فیس بک پر براہ راست خود کو گولی مار کے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے وسطی علاقے کیسری کی رہائشی خاتون نے پسند کی شادی کی تو اُن کا یہ عمل والد کو پسند نہ آیا اور باپ نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اوزن ایان نامی 54 سالہ شخص نے بیٹی کی پسند کی شادی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے گھر والوں کو فیس بک پر لائیو لیا اور اپنی بیٹی کو مغلظات بھی بکیں۔
اوزن نے ویڈیو چیٹ پر کہا کہ میری بیوی بیٹی کی واپسی کے بارے میں پوچھتی اور اُس کا انتظار کرتی ہے، اُس نے مجھے بیٹی سے ملاقات کا کہا مگر میں اُس کو کہہ چکا ہوں کہ اب ہمارا اُس سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
پڑھیں: شوہر کے ساتھ ویڈیو چیٹ کے دوران ماڈل کی خودکشی
انہوں نے کہا کہ آج کی رات میں براہ راست خودکشی کروں گا اور تم سب کو چھوڑ دوں گا، مجھے کسی کی اور کسی کو میری کوئی ضرورت نہیں ہے، خود کشی کا فیصلہ میں نے اپنی مرضی سے کیا۔ اوزن نے اہل خانہ کو وصیت کی کہ وہ اپنا خیال رکھیں اور میرے جنازے میں شرکت نہ کریں۔
براہ راست خودکشی کے دلخراش مناظر اوزن کے دوستوں اور رشتہ داروں نے دیکھے اور انہیں روکنے کی حتی الامکان کوشش بھی کی تاہم انہوں نے کسی کی ایک نہ سنی اور اپنے ہاتھ میں پکڑی پستول کو سر پر رکھ کر فائر کردیا جس کے بعد وہ ہلاک ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بہادر استاد نے ڈپریشن کی شکار طالبہ کی خودکشی کی کوشش ناکام بنادی
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی اور ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد اسے ورثہ کے حوالے کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔