پیر, فروری 16, 2026
اشتہار

50 تک گنتی نہ لکھ پانے پر باپ نے بیلن سے پیٹ پیٹ کر بیٹی کو قتل کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

فرید آباد (24 جنوری 2026): بھارت میں سفاک باپ نے 50 تک گنتی نہ لکھ پانے پر کمسن بیٹی کو بیلن سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں پیش آیا۔ پولیس نے 31 سالہ سفاک پاب کو 4 سالہ بیٹی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق بچی کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ 50 تک گنتی لکھنے میں ناکام رہی تھی، ملزم کی گرفتاری اس کی اہلیہ کی جانب سے سیکٹر 58 کے پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کی بنیاد پر عمل میں آئی۔

ملزم کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ شوہر کرشنا جیسوال نے 21 جنوری کو کرائے کے مکان میں بیٹی کو بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا۔

پولیس تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ میاں بیوی دونوں نجی کمپنیوں میں کام کرتے تھے، بیوی دن کے وقت کام کرتی تھی جبکہ شوہر کی نائٹ شفٹ ہوتی تھی۔

پولیس کے مطابق جوڑے کے تین بچے ہیں، ایک 7 سالہ بیٹا، ایک 4 سالہ بیٹی اور ایک 2 سالہ بیٹی ہے، کرشنا جیسوال دن کے وقت بچوں کی دیکھ بھال کرتا تھا اور انہیں پڑھاتا تھا۔

21 جنوری کو ملزم نے اپنی 4 سالہ بیٹی کو 1 سے 50 تک گنتی لکھنے کو کہا لیکن جب وہ ایسا نہ کر سکی تو وہ طیش میں آ گیا اور اسے مار مار کر جان سے مار ڈالا۔

سیکٹر 58 تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر آزاد نے بتایا کہ ملزم شرابی تھا اور اکثر اپنی بیوی اور بچوں پر تشدد کرتا تھا، جب بچی گنتی مکمل نہ کر سکی تو ملزم نے اسے فرش پر پٹخ دیا اور بیلن سے اس قدر تشدد کیا کہ وہ دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق شدید تشدد کے بعد جب بچی بے ہوش ہوگئی تو ملزم اسے قریبی سرکاری اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

اس کے بعد ملزم نے اپنی بیوی کو فون کر کے جھوٹ بولا کہ بچی سیڑھیوں سے گر گئی ہے لیکن بچی کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات دیکھ کر ماں کو شک ہوا اور اس نے پولیس کو اطلاع کر دی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کو مزید پوچھ گچھ کیلیے ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں