خیرپور: بڑے افسر کے ایجنٹ کے ذریعے فاطمہ قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو چھوڑنے کی تیاری ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو رہا کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق غفلت برتنے پر گرفتار ڈاکٹر، کمپاؤنڈر، ایم ایس کو ایک بڑے افسر کے ایجنٹ کے ذریعے چھوڑنے کی ڈیل ہو گئی، یہ ڈیل 50 لاکھ روپے میں ہوئی جس میں تمام افراد کو رہا کیا جائے گا۔
ذرائع پولیس کا کہنا ہے کہ بڑے افسر کے کہنے پر تمام افراد کو بے گناہ ثابت کیا جائےگا،فاطمہ کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ سے تا حال تفتیش نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ کمسن فاطمہ کی موت رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں ہوئی تھی جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، قتل کیس میں گرفتار اسد شاہ کی اہلیہ حنا شاہ ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت ختم ہونے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں ہو سکی ہیں۔