کراچی: تحریک انصاف کی بنیادی اور فکری رہنما فوزیہ قصوری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، پی ایس پی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس شمولیت کے بعد ہمارے نظریے کی توثیق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی بانی رکن فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز کئی سالوں کی رفاقت کے بعد اچانک اپنی پارٹی سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ چیئرمین کو ارسال کیا جسے انہوں نے فوری طور پر منظور کرلیا۔
فوزیہ قصوری نے اپنی سابقہ جماعت جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے بانی رکن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں نے ایک دوسرے کے مستقبل کے لیے دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی بانی رکن فوزیہ قصوری نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا
ایک روز بعد ہی ڈاکٹر فوزیہ قصوری پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس پہنچیں جہاں اُن کا مصطفیٰ کمال اور دیگر پارٹی قائدین نے استقبال کیا، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ فوزیہ قصوری کوپی ایس پی میں خوش آمدیدکہتےہیں، ان کے شامل ہونے پر آج ہمارے نظریے کی توثیق ہوگئی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم پر مخالفین نے کئی طرح کے الزامات لگائے گئے مگر آج ہمارے پاس4 رکن قومی اسمبلی،18 صوبائی اسمبلی کے اراکین اورڈپٹی میئر ہیں۔
چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی 2 سال میں پاکستانی سیاست کے نقشے پر ابھر کر سامنے آئی اور آج ہم ایک ایسی جماعت بن چکے جو غریبوں کی امید ہے، جس کی طرف سب دیکھ رہے ہیں۔
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کراچی پر 34 سال تک ایک ہی شخص براجمان تھا، 22 اگست کے بعد فاروق ستار نے نیا ڈرامہ شروع کیا مگر اب وہ بھی تاریخ بن چکے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے 4سال10ماہ حکومت کی اس دوران کبھی صوبے کی آواز نہیں اٹھائی اور اب الیکشن سے پہلے ان لوگوں کو صوبہ بنانے کا خیال آگیا۔