ٹیم میںعدم شمولیت پر دکھ ہے، مگر مایوس نہیں، محنت جاری رکھوں گا، فواد عالم

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے کہا ہے کہ دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے پر دکھ ہوا تاہم مایوس نہیں ہوں، محنت جاری رکھوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد عالم نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ اس دفعہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا تاہم اللہ بہتر جانتا ہے کہ فائنل الیون میں کیوں سلیکٹ نہیں کیا گیا۔
ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عدم شمولیت پر دکھ ہوا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھوں گا اور آئندہ سیریز میں قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد عالم کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے لیے ٹیم میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وہ گھر بیٹھ کر سب کے لیے خوشی کا اظہار کریں گے، ٹیم کے کوششوں اور اللہ کے حکم سے پاکستان جیت جائے گا۔
Congrats to all members of the squad. I will be cheering for all of you from home. With team efforts and Allah ke hukum se PAKISTAN will win InshAllah 🙏🏼 https://t.co/z1pBdrTvw7
— Fawad Alam (@iamfawadalam25) April 16, 2018
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا تاہم فواد عالم کو ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے اور فٹنس میں خود کو بہترین ثابت کرنے کے باوجود انہیں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔
32 سالہ ٹیسٹ کرکٹر کی عدم شمولیت پر سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈومیسٹک میں رنز کرنے کے باوجود فواد عالم میں شامل نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے اپنے 15 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر کے دوران 145 میچوں میں 55.37 کی اوسط سے 27 سنچریوں کے ساتھ 10 ہزار 7 سو 42 رنز بنارکھے ہیں۔