The news is by your side.

Advertisement

کرونا کی شرح 3.5 فیصد مزید بڑھ گئی تو صورت حال خراب ہوجائے گی، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر  ملک بھر میں کرونا کی شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی تو صورت حال خراب ہوجائے گی اور  مجبوراً مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کےپروگرام ’اعتراض ہے‘ میں میزبان عادل عباسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت نے ایک سال پہلے ایس او پیز پر توجہ نہ دی ہوتی تو آج پاکستان میں بھارت جیسی صورت حال ہوتی، ایک سال پہلے جدوجہد شروع کی اسی وجہ سے آج حالات قابو میں ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ  صحت کی سہولت کے لیے اقدامات بروئےکار لارہےہیں،ہم نے وبا کے ابتدائی دنوں میں مقامی سطح پر چیزیں بنانا شروع کردی تھیں، ہماری اپنی آکسیجن بنانےکی سہولت 90 فیصد تھی جسے بڑھا کر اب 100فیصدکردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ملک بھر میں کرونا کا پھیلاؤ ساڑھے گیارہ فیصد ہے، اگر یہ شرح 15 فیصد تک بڑھ گئی تو بہت زیادہ نقصان ہوگا اور حکومت مجبوراً لاک ڈاؤن کی طرف جائے گی، مکمل لاک ڈاؤن کردیا تو ہماری امپورٹ ایکسپورٹ متاثر ہوں گی‘۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’مکمل لاک ڈاؤن کیا تو فوڈ سپلائی (غذائی رسد) بھی بری طرح سے متاثر ہوگی، جس کی وجہ سے قبائلی اور شمالی علاقوں میں صورت حال خراب ہوسکتی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہماری حکمتِ عملی ہے کہ لاک ڈاؤن سے پہلے طلب پوری کرلیں‘۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم نے انسانیت سے متعلق بھارتی عوام کیلئے ٹوئٹ کی، ہماری لڑائی بھارتی عوام سے نہیں ایک خاص انتہا پسندطبقے سے ہے، جو کشمیر اور اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، وزیراعظم نے انسانیت کےناطے ٹویٹ کی‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں