اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کو اہم عہدے سے ہٹائیں، اشتہاری شخص کو قومی خزانے پر بٹھایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری شخص کوقومی خزانے پر بٹھایا گیا تھا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جرات نہیں کہ اشتہاری کواہم عہدے سے ہٹائیں، احتساب کےعمل کی طرف بڑھیں ہیں۔
رہنماپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل شروع ہوتے ہی اسحاق ڈاراشتہاری ہوگئے، نوازشریف کے بچے بھی ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہ اسحاق ڈار بستر سے نہیں اٹھ سکتے مگر لیگی کمیٹی کے ممبرہیں، نئی کمیٹی میں 27لوگ شامل ہیں ان میں 6لوگ گھر کے ہیں۔
مزید پڑھیں : آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس ، اسحاق ڈار اشتہاری قرار
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیدیا اور اسحاق ڈار کے ضامن کو50لاکھ روپے زرضمانت3دن میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زرضمانت جمع نہ کرانے پر جائیداد ضبط کرلی جائے گی۔