اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے3 ارکان کو 15 سے 20کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد یہ 3جوکرز نظر نہیں آئیں گے۔
کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بات ہوئی، کمیٹی نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
فوادچوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ ایسے وقت میں قیادت صرف عمران خان ہی کرسکتے ہیں، ایک بار پھر ثابت ہوا کہ کوئی وفاقی جماعت ہے تو وہ صرف پی ٹی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ننھے منے جلوس لے کر آنے والوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، 27مارچ کو ڈی چوک پر مدر آف جلسہ ہونے جارہا ہے، پی ٹی آئی نے اپوزیشن کی جانب سے لوگوں کو خریدنےاور لوٹا کریسی کو مسترد کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس جس کو آفر ہوئی اس نے پارٹی کو آگاہی دی، اب تک ہمارے تین لوگوں کو آفرز ہوئی ہیں، ایک کو 15کروڑ اور ایک کو 20 کروڑ روپے کی آفر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف عمران خان ہر پاکستانی کی عزت، غیرت اور ہرے پاسپورٹ کی عزت کی جنگ لڑرہے ہیں تو دوسری طرف وہ لوگ ہیں جن کی جائیدادیں پاکستان سے باہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی کا حامل ملک دیکھا جاسکتا ہے، کسی میں اتنی جرات نہیں کہ کوئی ملک پاکستان کو ڈکٹیٹ کرے، آج ہر پاکستانی فخر سے یہ کہہ سکتا ہے کہ ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں، پاکستان کی آزادی پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ کے بعد بڑے بڑے لوگوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہوئے، اس بات سے پاکستان میں بھی کچھ سیاستدان اور میڈیا مالکان ڈرے ہوئے ہیں۔
اگر اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہ لاتی تو ہماری پارٹی بھی سست ہوگئی تھی، انہوں نے سوئے ہوئے شیروں کو جگا دیا ہے، یہ لوگ عمران خان کے مقابلے میں تیسرے درجے کا جلسہ بھی کرکے دکھادیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ماضی میں کبھی بلیک نہیں ہوئے، ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ اپوزیشن کو ہاتھ ملتے دیکھیں گے ان کو سمجھ نہیں آئیگی کہ ان کے ساتھ ہوا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاش کے سارے پتے ہمارے پاس ہیں ہم فیصلہ کریں گے اگلی چال کیا ہوگی تحریک عدم اعتماد ان تین جوکرز کا آخری کھیل ثابت ہوگا، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد یہ تینوں نظر نہیں آئیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کو وزیراعظم اپنے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں، شیخ رشید بھی اپنے بیان پر وضاحت دے چکے، پرویزالہٰی نے ہمیشہ ق لیگ میں سپورٹ کیا ہے، ہر پارٹی نے اپنے لوگوں کو اعتماد میں لینا ہوتا ہے وہ اس عمل سے گزر رہے ہیں۔
تحریک انصاف میں کوئی بھی منحرف نہیں ، گلےشکوے ہوتے ہیں، کوئی آدمی پی ٹی آئی میں ایسا نہیں جو اس موقع پر عمران خان سے غداری کرے، ہمارے کارکنان بھی مستعد ہیں ۔