اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان باجوڑ اور قبائلی عوام کو مین اسٹریم میں لے کر آئے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم کے جمرود کے جلسے کے تناظر میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا.
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ صرف وہ لیڈر کرسکتا تھا، جو نفرت کے بجائے محبت کی بات کرتا ہو.
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ صرف وہی کرسکتا ہے، جو عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے جوڑے، قریب لائے.
مزید پڑھیں: شوق سے اسلام آباد آئیں اور ایک ہفتہ دھرنا دے کر دکھا دیں، وزیراعظم کا زرداری کو چیلنج
یاد رہے کہ آج وزیر اعظم خان نے جمرود میں جلسہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف علی زرداری کو چیلنج کرتا ہوں، اسلام آباد میں ایک ہفتہ دھرنا دے کر دکھادیں، کنٹینر بھی دیں گے اور کھانا بھی دیں گے، جتنے جلسے، دھرنے دینے ہیں، سن لیں آپ کو جواب دینا ہوگا، اقتدارمیں آیا ہی اس لیے تھا کہ ان چوروں کا احتساب کروں۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ 1948 میں قبائلی عوام نے کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دیا، قبائلیوں نے بہت مشکلات کا سامنا کیا، نقل مکانی کرنا پڑی، قبائلیوں نے کن مشکلات کا سامنا کیا،جانتا ہوں۔