اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور مراد سعید نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری اور مراد سعید نے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے درخواست میں موقف اپنایا کہ پولیس اور ایف آئی اے کو مقدمات قائم کرنے اور گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
دونوں رہنماؤں نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ عدالت وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ کو ہمارے خلاف کارروائی سے روکیں اور چاروں صوبوں کی پولیس کو بھی ہراساں کرنے سےروکا جائے۔
فواد چوہدری اور مراد سعید نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی وزیرداخلہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور چاروں صوبوں کےآئی جیز پولیس کو بھی فریق بناتے ہوئے استدعا کی کہ آج ہی درخواست سن کر ریلیف دیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کل جمہوریت کی بحالی کا فارمولا پیش کردیا، فواد چوہدری
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر سیف اللہ نیازی نے گذشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپے کے خلاف سینیٹ اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرا دی۔ ریکوزیشن پر پی ٹی آئی کے 27 ارکان کے دستخط ہیں۔