پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ”فساد اعظم“ کہہ دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فساد اعظم رانا ثنا اللہ تو ان کے پاس ہے، ہمارے پاس تو شوکت ترین اور یاسمین راشد جیسے لوگ ہیں جو کسی غنڈے کو جانتے بھی نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی ہتھکنڈے اپنا لے پنجاب ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے، صوبے میں ضمنی الیکشن کی ابتدا ہی دھاندلی سے ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن خود ہی دھاندلی کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کہتا ہے جب ہم ہیں تو کسی کو دھاندلی کی ضرورت نہیں، الیکشن کمیشن کے ہر فیصلے کو عدالتوں میں مسترد کیا گیا، آج عدالت نے پولنگ ایجنٹ دوسری جگہ سے نہ لینے کا بھی فیصلہ معطل کر دیا۔