اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 2 وزرا کے خلاف بے بنیاد خبر پر پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بے بنیاد خبر وزیرِ اعظم سے منسوب کر کے نشر کرنا بد نیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پیمرا سے مطالبہ کیا کہ وزیرِ خزانہ اسد عمر اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے متعلق بے بنیاد خبر پر کارروائی کی جائے۔
[bs-quote quote=”وزیرِ خزانہ اسد عمر اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے متعلق بے بنیاد خبر پر کارروائی کی جائے: فواد چوہدری” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو بد نام کرنے کے لیے میڈیا کا خاص گروپ استعمال ہو رہا ہے، مخصوص میڈیا گروپ کی طرف سے جھوٹی خبریں دے کر منفی تاثر پیدا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ پیمرا تحقیقات کرے کہ جھوٹی خبریں کس نے پھیلائیں، جھوٹی خبریں پھیلائی کیوں گئیں، ان کا مقصد کیا تھا؟
فواد چوہدری نے کہا کہ قبضہ اور لینڈ مافیا کے خلاف سرگرم وزیر کی کردار کشی قابلِ مذمت ہے، وزیرِ مملکت شہریار آفریدی کے گھر پر تزئین و آرائش نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر سے وزیرِ اعظم کی ناراضی کی خبریں من گھڑت ہیں: ترجمانِ وزیرِ اعظم
وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بعض عناصر ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی سازش کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ایک مخصوص میڈیا گروپ نے خبر دی تھی کہ وزیرِ اعظم عمران خان اسد عمر سے اس بات پر ناراض ہوئے تھے کہ انھوں نے معاشی پالیسیوں پر پہلے سے ہوم ورک کیوں نہیں کیا۔