اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سابق وزیر خارجہ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے حکومتی نمایندوں کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر حکومتی نمایندوں کا مؤقف غلط پیش کیا گیا، عدالتی فیصلے میں ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو نواز شریف کی ضمانت پر اعتراض نہیں، پھر بھی خواجہ آصف نے ’نواز شریف کو مرنے دو‘ جیسا جملہ منسوب کیا، خواجہ آصف کے جھوٹ بولنے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔
تفصیل یہاں پڑھیں: لا افسر نے جواب دیا نواز شریف مر جائے ہمارا کیا جاتا ہے
تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے اسمبلی فلور پر غلط بیانی کے معاملے پر بحث کرائی جائے، اور معاملہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کمیٹی کو بھیجا جائے۔
دریں اثنا، فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف ایوان میں جھوٹ بولنے پر تحریک جمع کرا دی ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ آیندہ کوئی ایوان میں جھوٹ بولنے کی جرأت نہ کرے، میڈیا میں جھوٹ بولنا عام بات ہے، لیکن یہ ایوان کو بھی مذاق بنا رہے ہیں۔