تازہ ترین

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے جہلم میں درج مقدمے کے معاملے پر فواد چوہدری اور فراز چوہدری کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نےدرخواستوں پرسماعت کی ، عدالت نے فواد چوہدری ا ور فراز چوہدری کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو 5،5 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے پولیس کو فواد چوہدری اور فراز چوہدری کی گرفتاری سےروکتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو 10 روز میں متعلقہ عدالت پیش ہونے کا حکم دیا۔

یاد رہے 25 مئی کو آزادی مارچ کے قافلے کی قیادت کرنے پر جہلم پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور فراز چوہدری سمیت 200افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

ایف آئی آر مختلف دفعات کے تحت تھانہ منگلا میں درج کی گئی ، جس میں غیرقانونی ریلی نکالنے اور پولیس پر پتھراؤ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
.
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ شرکا ریلی کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پتھراؤ سے پولیس وین اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

Comments