اسلام آباد : وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ اصغرخان کیس پرسپریم کورٹ کے بینچ کاقیام خوش آئند ہے، یہ مقدمہ نون لیگ کےسیاسی کردارکوعیاں کرتاہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کے سیاسی وارث آج نواز لیگ کی گود میں بیٹھےہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا اصغر خان کیس پرسپریم کورٹ کے بینچ کا قیام خوش آئند ہے، وزیراعظم پہلے ہی ایف آئی اے کوسپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کی ہدایات دےچکے ہیں۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ یہ مقدمہ نون لیگ کےسیاسی کردارکوعیاں کرتاہے، دلچپسپ امریہ ہےکہ بے نظیر بھٹو شہید کے سیاسی وارث آج نواز لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں۔
اصغر خان کیس پر سپریم کورٹ کا بنچ خوش آئندہے، وزیر اعظم پہلے ہی FIA کو ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے یہ مقدمہ نون لیگ کے سیاسی کردار کو عیاں کرتا ہے دلچسپ امر یہ ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کے سیاسی وارث آج نواز لیگ کی گود میں بیٹھے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 9, 2019
گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مشہور زمانہ اصغر خان عمل در آمد کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے کر سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا تھا۔
جسٹس گلزار احمد 3 رکنی بینچ کے نئے سر براہ ہوں گے جبکہ دیگر میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔
اصغر عمل در آمد کیس کی سماعت 11 فروری کو سپریم کورٹ میں ہوگی، اس موقع پر ایف آئی اے معاملے پر پیش رفت سے آگاہ کرے گا، اس سلسلے میں اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے اور تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں : اصغر خان عمل درآمد کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر
یاد رہے 11 جنوری کو سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا تھا کہ اصغرخان نے اتنی بڑی کوشش کی تھی، ہم ان کی محبت اورکوشش رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
بعد ازاں 18 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کاعبوری تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ایف آئی اے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
عبوری تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا ایف آئی اے کے دلائل سے مطمئن نہیں ہیں، ہمارےخیال کے مطابق کچھ چیزوں سےمتعلق تفتیش کی ضرورت ہے۔