اسلام آباد: وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ امید ہے آج کل میں ہی الیکشن کمیشن کے ناموں پراتفاق ہوجائے گا، لوٹی ہوئی دولت کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں ، ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن پرکوئی ڈیڈ لاک نہیں ، پارلیمنٹ میں حکومت،اپوزیشن نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے ، حکومت پوزیشن کی جانب سے جونام دیئے گئے وہ سب غیرجانبدار ہیں۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ امید ہے آج کل میں ہی الیکشن کمیشن کے ناموں پراتفاق ہو جائے گا، الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کے بعد 45 دن کا وقت ہوتا ہے
وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نوازشریف سےبات کرکےفیصلہ کرنا چاہے تو یہ ان کی مرضی ہے ، نواز شریف ڈاکٹر کی رائے پر باہر گئے حکومت کا عمل دخل نہیں ، آصف زرداری معاملے پر بھی ڈاکٹرز کی رائے پر معاملہ آگے بڑھے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے لوٹی دولت واپس لانےکا وعدہ کیا تھا ، لوٹی ہوئی دولت کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں ، نواز شریف اور انکے خاندان کی بھی کچھ قسطیں باقی ہیں ، امیدہے شریف خاندان سے بھی قسطیں جلدآنا شروع ہو جائیں۔
فوادچوہدری نے کہا کہ ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں ، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی پیسے دیں۔