The news is by your side.

Advertisement

مریم نواز کے لندن جانے کے لیے حکومت سے بیک ڈور رابطے، فواد چوہدری کا انکشاف

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے لندن جانے کے سلسلے میں بیک ڈور رابطے کا انکشاف کیا ہے۔

اہم حکومتی وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق بیک ڈور رابطے کا حکومتی جواب واضح ہے، وزیر اعظم کی جانب سے صاف انکار کیا گیا ہے، مریم نواز کو لندن نہیں جانے دیا جائے گا۔

حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی: شبلی فراز

فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا ’مریم نواز لندن جانا چاہتی ہیں اور اس کے لیے بیک ڈور رابطے کیے گئے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس درخواست کو مکمل طور پر رد کر دیا۔‘

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحریک چلائی جا رہی ہے لیکن کیا یہ پاکستان میں رہے بغیر چل سکے گی؟ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ’ آپ تحریک کا شوق پورا کریں لیکن اس کے لیے آپ کو پاکستان رہنا ہوگا۔‘

واضح رہے کہ آج وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے، وہ بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کر رہی ہیں لیکن حکومت ان کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں