اسلام آباد : وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا میڈیکل رپورٹس کا سہارا لینا ایک مذاق بن گیا ہے، وہ پاکستان آکر کیسز کا سامنا کریں اور عوام کا پیسہ واپس کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا عوام نواز شریف کی رپورٹ کو سنجیدہ لینے کو تیار نہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں میڈیکل رپورٹس کو مفاد اور بیرون ملک جانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی پلیٹوں کو لیکر ان کے چمچے کئی باتیں کرتے رہےہیں، نہ نواز شریف کی پلیٹیں خراب ہیں اورنہ ان کے چمچے ، ان کی بیماری سلیکٹو ہے ، جب نیب بلائے تو بیمار ہوجاتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا نوازشریف کا میڈیکل رپورٹس کا سہارا لینا ایک مذاق بن گیا ہے، وہ اپنے خلاف کیسز کا پاکستان آکر سامنا کرے ، ہم میں سے کسی کو نوازشریف کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں ہے، نوازشریف کیسز کا سامنا کریں اور عوام کا پیسہ واپس کردیں۔
یاد رہے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے نوازشریف کو کورونا وبا کے باعث گھرسے باہر نکلنے سے روک دیا ، ان کا باہر نکلنا جان لیواثابت ہوسکتا ہے جبکہ معالجین نے اسپتال کے قریب رہائشگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔