اسلام آباد (5 اگست 2026): سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے ہوتے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے اور نہ ہی ان دونوں خاندانوں کے ہوتے ہوئے ملک میں ترقی ہو سکتی ہے۔ جب تک ان دو جماعتوں سے جان نہیں چھڑاتے، ملک ترقی نہیں کرے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف اب تک 17 بجٹ پیش کر چکے ہیں، جس میں 12 صوبے کے اور 5 مرکز کے بجٹ ہیں۔ وہ مزید اب کیا کریں گے؟ ہر پانچ سال بعد سیاسی جماعتیں اسٹبلشمنٹ کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی مقامی سطح پر منتقلی کے معاملے کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اس کے لیے ملک میں اتفاق رائے پیدا کرنا ہے، لیکن سب سے بڑا لیڈر تو اس وقت جیل میں ہے۔ تحریک انصاف واحد وفاقی جماعت ہے، جس کو پورے ملک سے ووٹ ملتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملنا ہمارا حق ہے۔ ہماری بانی پی ٹی آئی کےساتھ طویل سیاسی وابستگی رہی ہے۔ پاکستان کے ایک شہری کی حیثیت سے ہم بانی پی ٹی آئی سے بات کریں گے۔ مختلف جیلوں میں قید تمام سیاسی کارکنان کو بھی فوری ریلیف ملنا چاہیے۔
’پی پی اگر بات نہیں مانتی تو کراچی کو وفاق کے ماتحت چلانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے‘


