اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا عدم اعتماد کے ووٹ پر مخالف صورتحال ہوگی۔
اسلام آباد ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے جلسے کو تحریک عدم اعتماد پر ’’چھوٹا سا ریفرنڈم‘ قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہعدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا اور ووٹ ڈالنے کے بعد بھی اسی مجمع سے گزرنا ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کی کال پر 10 لاکھ سے زائد لوگ جلسہ عام میں شرکت کریں گے، یہ جلسہ ڈی چوک پر اسمبلی گیٹ کے سامنے ہوگا اور پوزیشن دیکھے گی کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں۔
موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فواد نے کہا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے کیونکہ اس سے سیاست میں تلخی آئی ہے اور خدشہ ہے بڑھتی ہوئی سیاسی صورتحال ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔