اسلام آباد : وزیراطلاعات فوادچوہدری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ فاطمہ جناح اوربی اماں ہماری خواتین کے لئے مثال ہیں، خواتین کے بغیر کوئی معاشرہ نہیں چل سکتا، خواتین کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خواتین کو بااختیار بنانے کا تصور مغرب سے آیا، فاطمہ جناح و دیگرعظیم خواتین دنیا میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں، فاطمہ جناح اوربی اماں ہماری خواتین کے لئے مثال ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں خواتین گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہیں، خواتین کے بغیر کوئی معاشرہ نہیں چل سکتا، خواتین کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے خواتین کےعالمی دن پرمحترمہ فاطمہ جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی جدوجہد میں فاطمہ جناح قائداعظم کے ساتھ کھڑی رہیں، ملک کی ترقی کے لیے خواتین کو بھی کردار ادا کرنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے خواتین کومحفوظ اورسازگارماحول فراہم کرنے کےعزم کودہرایا۔
مزید پڑھیں : آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔