اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہونے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کی طرف پیش قدمی کرے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب حکومت کا الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہونے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس اس ضمن میں حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کی طرف پیش قدمی کرے، یہ ہمارے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت ہوگی۔
پنجاب حکومت کا الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہونے کا فیصلہ قابل تحسین ہے، وزارت سائنس اس ضمن میں مکمل تعاون دے گی، سندہ حکومت پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ گرین ٹرانسپورٹ کی طرف پیش قدمی کرے یہ ہمارے مستقبل کیلئے اہم پیش رفت ہو گی۔ @MinistryofST pic.twitter.com/vrj1oI69Ho
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 11, 2020
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی، اسموگ کے سدباب کے لیے وہیکلز سرٹیفکیشن سسٹم فعال کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔
دوسری جانب عالمی جریدے بلومبرگ نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ کو دنیا کا بدترین نظام قرار دے دیا ہے، بلومبرگ کے مطابق برسوں پرانی بسیں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر رواں دواں رہتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھیڑ بکریوں کی طرح لوگ بسوں میں سفر کرتے ہیں، بسوں کی چھت کو بھی مسافروں کے بیٹھنے اور سواری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔