اسلام آباد : ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو تبدیلی کی سخت ضرورت ہے اس لیے سازشیں تلاش کرنے سے پہلے جے آئی ٹی رپورٹ پڑھ لیں۔
وہ تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی دانیال عزیز اور چوہدری جعفر اقبال کی گزشیہ روز کی گئی پریس کانفرنس پر ردعمل دے رہے تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیر سے سپریم کورٹ میں پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین مقدمہ شروع ہونے جا رہا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ اس ہفتے کے اختتام تک یہ مقدمہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو دانیال عزیز جیسے لوگ گائیڈ کر رہے ہیں یہ وہ جو اسکول ماسٹرہیں جو پوری کلاس کو فیل کراتے ہیں اور یہی لوگ شریف خاندان کو مروائیں گے۔
تحریک انصاف کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی ناز بلوچ کے حوالے سے پو چھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ناز بلوچ کو نہیں جانتے ہیں اس موقع سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ناز بلوچ پی ٹی آئی کی محض ایک عام سی کارکن تھیں جنہیں میں بھی نہیں جانتا
اسی سے متعلق : حکمران سازش کی بات کرتے ہیں مگر بتاتےنہیں کہ کیاسازش ہورہی ہے‘ شفقت محمود
فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اندر سے وزیر اعظم کے استعفا کی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں اور زمینی حقائق بھی یہ ہیں کہ ن لیگ کو قیادت میں تبدیلی کی ضرورت ہے چنانچہ پارٹی کے اندر لوگ اندھی پوجا نہ کریں اور عوام اور پاکستان کو اپنے لیڈر پر مقدم رکھیں۔
یہ پڑھیں : تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل
انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو ان کے اثاثوں میں اضافہ ہونا شروع ہو جاتا ہے جیسے 90 کی دہائی میں ہوا تھا ویسے ہی 2009 میں دوبارہ ان کے اثاثوں میں اضافہ ہونا شروع ہوا جو 2013 کے بعد اپنے عروج پر پہنچا ہے اور اب بھی جاری و ساری رہتا اگر تحریک انصاف پاناما کا معاملہ نہ اُٹھاتی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے سیاست کو اپنی دھن دولت جمع کرنے کے لیے استعمال کیا یہی وجہ ہے کہ لوٹ مار اور کرپشن سے لوٹی گئی رقم کو جو کہ کالا دھن سے سفید دھن میں تبدیل کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کو استعمال کیا گیا لیکن اب یہ کھیل ختم ہونے جا رہا ہے۔