پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ اسپیکر کو استعفے منظور کرنے کا اختیار نہیں قاسم سوری 130 استعفے منظورکرکے الیکشن کمیشن کو بھجواچکے تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اسپیکر کو استعفے منظور کرنے کا اختیار نہیں قاسم سوری 130 استعفے منظورکرکے الیکشن کمیشن کو بھجواچکے تھے۔ استعفوں کا معاملہ سیاسی نہیں قانونی ہے، تمام منظور کرنے چاہئیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سبطین خان کا احترام ہے، ہوسکتا ہے پنجاب کے اسپیکر کے لیے ان کو زیادہ ووٹ ملیں۔ امید ہے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا انتخاب خوش اسلوبی سے نمٹے گا۔ اصولی طورپر یہ الیکشن سیکریٹ بیلٹ پر ہونا ہی نہیں چاہیے۔ لوگوں نے امیدواروں کو منتخب کیا تو انھیں پتہ چلنا چاہیے کون کسے ووٹ دے رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہتری کا واحد حل ہے کہ شہبازشریف عام انتخابات کرانے کا اعلان کریں۔ الیکشن کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ ہونا چاہئیں۔
واضح رہے کہ مرکز میں لاحق خطرات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے مرحلہ وار منظور کرنا شروع کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور
گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے11 ارکان کے استعفےمنظور کیے ہیں۔ جب کہ مزید بھی منظور کیے جائیں گے۔