لاہور: فواد رانا کو پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کی باگ ڈور دوبارہ مل گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے ٹریبنول نے فواد رانا کے بھائیوں ثمین اور عاطف رانا کا لاہور قلندرز پر قبضہ ختم کروادیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں فواد رانا کے بھائیوں کو 45 دن کے اندر مارک اپ کے ساتھ 2.96 بلین روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کی سب سے نمایاں شخصیت فواد رانا تھے، انہوں نے اپنی منفرد شخصیت کی وجہ سے شہرت حاصل کی اور ٹیم کو بھی مقبول بنایا۔
بھائیوں میں اختلافات ہوئے تو فواد رانا کو سائیڈ لائن کرکے ثمین اور عاطف رانا فرنچائز پر قابض ہوگئے۔
فواد رانا نے اپنی کمپنی کیلکو کے شیئر کی لاہور قلندرز کو منتقلی میں بے ضابطگیوں پر بھائیوں عاطف اور ثمین رانا کے خلاف 2023 میں کیس کیا۔
انہوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ منتقلیاں جھوٹی، من گھڑت اور دھوکا دہی پر مبنی تھیں، کارروائی میں ایک اہم موڑ پر یہ انکشاف ہوا کہ چھوٹے بھائیوں نے خفیہ طور پر ’کے آر آر‘ کے تیس فیصد شیئر پانچ ملین ڈالر میں فروخت کردیے۔
جسٹس باقر مقبول نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فواد رانا کے بھائیوں کو اکثریتی حصص کی منتقلی غیرقانونی تھی، لاہور قلندرز کا کنٹرول قطر آئل کو دیا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ دونوں بھائیوں 2.96 بلین روپے پلس مارک فواد رانا کو ادا کریں یا کمپنی میں فالکو کی 51 فیصد اکثریتی شیئر ہولڈنگ کو فوری طور پر بحال کریں۔
عدالتی فیصلے کے بعد فواد رانا ایک بار پھر پی ایس ایل میں جلوہ گر ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


