لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے، ہمارا ہی رہے گا، مطالبہ کرتے ہیں کشمیر پر ظلم ختم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں سیاسی گرفتاریوں کو فوری ختم کیا جائے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے یہ ہمارا نعرہ ہے، حکومت پنجاب یوم کشمیر منارہی ہے، کشمیریوں نے پاکستانی جھنڈا لہرا کر جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، واحد ایشو ہے جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، مودی سرکار اور بھارت سے مطالبہ ہے کشمیر پر قبضہ چھوڑیں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں ہردس کشمیریوں پرایک فوجی تعینات ہے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق یو این قراردادوں پر عمل کیا جائے، کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے کام کریں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جو ہمارا نعرہ ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے مودی سرکار کو مثبت پیغام دیا تھا، بھارت ہمارا ہمسایہ ہے اور ہمسائے تبدیل نہیں ہوسکتے ہیں، بھارت کشمیر اور پانی کے مسئلے کو حل کرے، دوستی کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ہر دس کشمیریوں پر ایک فوجی تعینات کررکھا ہے جس کا نتیجہ نفرت کی صورت میں نکل رہا ہے، کشمیریوں کا درد پاکستانی سب سے پہلے محسوس کرتے ہیں۔