لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام کی سہولت کو مد نظر رکھا، پھیری لگانے والے پھل و سبزی فروش اور ریڑھی بان اس سے مستثنیٰ ہیں۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ہر طبقے اور کاروبار کو عوامی ضرورت کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی، بیکری، کریانہ، سپر اسٹور، بیج، کھاد کی دکانوں، آٹو ورکشاپ، چکن، مچھلی، گوشت اور دودھ کی دکانوں کو بھی استثنیٰ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستثنیٰ کاروبار صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے، اسپیئر پارٹس، ورکشاپ، پیٹرول پمپ، پھل و سبزی کی دکانیں، آٹا چکی، پوسٹل سروس، تندور اور ہوم ڈیلیوری رات 8 بجے کے بعد بھی کھلارکھنے کی اجازت ہے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ دودھ، کریانہ اسٹور اور تندور صبح 2 سے شام سوا 4 بجے تک کھلے رہیں گے، عوام کو کاروباری اوقات میں سماجی دوری کا خیال رکھنا چاہیئے۔ عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔