لاہور : صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا حلف اٹھانے کے 24 گھنٹے میں محکمہ تبدیل کرکے وزارت کالونیز کا قلمدان دے دیا گیا ، گذشتہ روز فیاض الحسن چوہان نے بطورصوبائی وزیر حلف اٹھایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا حلف اٹھانے کے 24 گھنٹے میں محکمہ تبدیل کردیاگیا ، ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا فیاض الحسن چوہان کو وزارت کالونیز کا قلمدان دے دیا گیا ہے ، وہ کالونیز کے معاملات کو دیکھیں گے۔
گذشتہ روز پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی، پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بطورصوبائی وزیر حلف اٹھایا تھا، قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ان سے حلف لیا۔
مزید پڑھیں : فیاض الحسن چوہان نے بہ طور صوبائی وزیر حلف اٹھا لیا
بعد ازاں فیاض الحسن نے ایک ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے وزارت ملنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا تھا میں انشااللہ اپنے قائد کی امید پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا، زارت کے لیے اپنے قائد عمران خان، بڑے بھائی نعیم الحق اور زلفی بخاری کا شکر گزار ہوں۔
یاد رہے متنازع بیان دینے پر کچھ ماہ قبل فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات واپس لے لی گئی تھی اور یہ عہدہ لے کر صمصام بخاری کو سونپ دیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایکشن لینے کا حکم دیا تھااور کہا تھا کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی جبکہ تمام وفاقی اورصوبائی وزراکو ایسےمعاملات پرمحتاط رہنےکی ہدایت بھی کی تھی۔