ملتان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا ہے ملک کی بہتری نواز شریف کی واپسی سے ہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ڈالر اوپر چلا گیا حل کیا ہے ’اسحاق ڈار کو لاؤ‘،اسحاق ڈار ملک میں آگئے تو کیا ہوا؟ اب کہہ رہے ہیں ملک کی بہتری نواز شریف کی واپسی سے ہے، ایسا تب ہوگا جب ان کا رجوع بھی اللہ سے ہو۔
فض الرحمان نے کہا کہ ایک حکومت گئی اس وقت ملک کی افراط قوت 6 فیصد پر تھی، اس کے بعد 2018 میں حکومت آئی وہ ملک کو صفر پر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کوئی نئی جماعت یا شخصیت ایک آئیڈیل نعرہ دیتی ہے اور عوام ان سے امیدیں وابستہ کر لیتے ہیں، یہ بھی نہیں سوچا جاتا کہ ان کے پیچھے کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بارے میں سوچیں گے کہ یہ تو مولوی ہیں یہ کیسے ملک چلائیں گے؟ ہم نے بھی جزوی طور پر وزارتیں چلائی ہیں، آپ کے ملین مارچ کے بعد آپ لوگوں کو بھی بڑی جماعتوں میں گنا جانے لگا ہے، اپنی پارلیمانی قوت کو بڑھائیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ دھاندلی کر کے ہمیں باہر رکھا گیا تو ہم سڑکوں پر بھی آئے، پارلیمانی نظام میں چوری کریں گے تو ہم آپ کے خلاف احتجاج کریں گے، ایسے کارکنان کسی کے پاس نہیں جو آپ کے پاس ہیں۔