The news is by your side.

Advertisement

مستونگ دھماکا: اتوار کو پورے ملک میں یومِ احتجاج منایا جائے گا، فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ واقعے کے خلاف اتوار کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔

پارلیمنٹ لارجز کے باہر کے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مستونگ حملے میں ہمارے 27 کارکنان شہید ہوئے، ایسے واقعات کسی فرد پر نہیں پوری قوم پر حملے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان اور اُس کے آئین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، مستونگ جیسے واقعات ہمارے عزم و حوصلے کو پست نہیں کرسکتے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مستونگ حملے کے خلاف اتوار کو پورے ملک میں احتجاج منایا جائے گا، جو لوگ بغیر عوامی حمایت کے حکمرانی چاہتے ہیں وہ اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم ہمیں اپنے اتحاد کے ذریعے ہی انہیں شکست دینی ہے۔

یاد رہے آج دوپہر کوئٹہ کے علاقے مستونگ میں جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے قافلے پر بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، آئی جی پولیس نے واقعے کو خودکش دھماکا قرار دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں