اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف میرے بھائی ہیں، میں نے تو صرف تھوڑی گدگدی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ سیاسی صورتحال اور خواجہ آصف کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی معاملات میں بلاوجہ تلخی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا شہری ہونے کے ناطے حکومت کو ان کے سوالات اور خدشات کا جواب دینا ہوگا، اور سوالات کا جواب گالیاں دینا یا فیک ویڈیوز بنانا ہرگز نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ "خواجہ آصف محترم اور بھائی ہیں، میں نے تو صرف تھوڑی گدگدی کی تھی لیکن انہیں اگلے دن غصہ آیا، دیر سے یاد آنے والا مکا خود کو مارنا چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے جواب دینے کے بجائے صرف اپنی بات کی تکرار کی، جب حالِ دل سنایا، آئینہ دکھایا اور جھوٹ سے پردہ اٹھایا تو وہ برا مان گئے۔
جے یو آئی سربراہ نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر سوالات اٹھتے ہیں تو حکمران ناراض کیوں ہوتے ہیں؟
FOLLOW US ON ARY TUBE
انہوں نے خبردار کیا: "ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اگر ہم نے جواب دیا تو آپ کے لیے سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔”
مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کا کوئی بڑا مطالبہ نہیں تھا، صرف اپنے بانی کی ملاقات اور علاج کی درخواست کی تھی، جب انہیں ملاقات کا کہا گیا تو انہوں نے واضح کر دیا تھا کہ وہ کوئی خفیہ ملاقات نہیں کریں گے، معاملے کے حل کا طریقہ مجھےخودوزیراعظم نےبتایاتھا جبکہ میں نے اپنی اور پی ٹی آئی کی تجاویز بتائیں جس پر خوشی سے رخصت کیا گیا۔
مولانا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ کہا جا رہا ہے کہ کوئی گفتگو ہی نہیں ہوئی. اسحاق ڈار نے اس معاملے کو کابینہ میں پیش ہی نہیں کیا تو منظوری کیسے ملتی؟ اتنے بڑے پیمانے پر عوام اور قیادت کے ساتھ مذاق پر حیرت ہے، حکومت کے بنائے گئے جھوٹ کے ساتھ سیاست نہیں چل سکتی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئین کا آرٹیکل 2 (اور دیگر آئینی شقیں) واضح کرتا ہے کہ ملک کا نظام عوام کے فیصلوں اور نمائندوں کی منشا سے چلایا جائے گا۔


