کراچی: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اقتدار ایسے لوگوں کو دیا گیا جن کے اہداف پاکستان کی نظریاتی شناخت کے خلاف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت گرتی ہے تو ملک گر جاتے ہیں، الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات نہ کرانے پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی وجہ سے عوام اگست کا بجلی، گیس بل نہیں دے سکیں گے، 26 جون کو سیاسی جماعتوں کو جمع کرکے ملکی حالات پر بات کریں گے۔
[bs-quote quote=”ملک میں دوبارہ منصفانہ انتخابات کرائے جائیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ”][/bs-quote]
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں دوبارہ منصفانہ انتخابات کرائے جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر ہمیشہ اتفاق رائے رہا ہے، پاکستان میں علماء کرام کو ملکی نظام سے باہر رکھا گیا۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میں ریاست پاکستان سے گفتگو کررہا ہوں حکومت سے نہیں، حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، ملک میں 70 سال سے حکومت کرنے والے کالج اور یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی راشن بھی نہیں خرید سکتا، یہ ملک اور غریب دشمن بجٹ ہے، یہ پاکستان کا بجٹ نہیں، بجٹ براہ راست آئی ایم ایف نمائندے نے بنایا ہے، ملکی تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں چڑھا جتنا اس حکومت مین چڑھ گیا۔