اسلام آباد : سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کو 27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات کی کہانی سامنے آگئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان نے پی پی کو 27فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا 2الگ الگ لانگ مارچ سےاپوزیشن کی تقسیم کا تاثر ملتا ہے اور تجویز دی کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کیساتھ لانگ مارچ میں شریک ہو، پہلے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے تجویز دی کہ پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف عدم اعتماد لانی چاہیے تاہم عدم اعتماد پہلے کہاں لائی جائے ، اس معاملے پر مولانا اور آصف زرداری میں اتفاق نہ ہوسکا۔
ذرائع نے بتایا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر آصف زرداری آج شہباز شریف سےمشاورت کریں گے جبکہ ن لیگ کی اتحادیوں کے بجائے ناراض ارکان کو ملانے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ لیگی رہنماؤں کےمطابق20سے22ناراض حکومتی ارکان نےحمایت کایقین دلایا، ناراض ارکان کی حمایت کے بعد اپوزیشن کو اتحادیوں کو توڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مولانا اور زرداری نے رائے دی ہے کہ ناراض ارکان کی حمایت سےعدم اعتماد متنازع ہوسکتی ہے، عدم اعتماد کیلئےاتحادیوں کوساتھ ملانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا اور زرداری نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے جاری رکھنے سمیت عدم اعتماد ،لانگ مارچ پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔