چارسدہ (11 فروری 2026): سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا۔
مولانا فضل الرحمان نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے، نئے احتجاج کیلیے کنٹینر تیار ہے اور اس کا رُخ کسی بھی وقت کسی بھی شہر کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 8 فروری کو گھروں میں بیٹھ کر احتجاج کیا، علیمہ خان
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان ورکنگ ریلیشن قائم ہونا چاہیے، سیاست پارٹیاں کرتی ہیں جبکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرتی ہے، کوئی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات 3 ماہ قبل ہونی چاہیے تھی، موجودہ حکومت امن و امان لا سکتی ہے اور نہ ہی معاشی استحکام، پارلیمنٹ پر عوام کو اعتماد نہیں رہا، ہماری حکومت بھیک مانگ کر گزارہ کرتی ہے، ایف ٹی ایف اور عالمی مالیاتی اداروں نے ہمیں یرغمال بنا رکھا ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ پاکستان کی تقسیم کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق پر بات ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، دنیا غیر مستحکم ہوگی تو امریکا کی بادشاہت قائم رہے گی، امریکا کی خواہش ہے کہ ایران اور افغانستان غیر مستحکم رہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


